بانڈی پورہ:مرکز کے زیر انتظام یوٹی جموں و کشمیر کے بانڈی پورہ کے چھان دججی علاقے میں محکمہ وائلڈ لائف نے دعویٰ کیا کہ گذشتہ روز منگل کو ایک کستوری ہرن دیکھا گیا جس کو بعد میں پکڑ لیا گیا۔
اس حوالے سے وائلڈ لائف رینج کے ایک افسر فدا حسین نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ یہ پہلا موقع نہیں تھا کہ وادی کے جنگلوں میں کستوری ہرن دیکھا گیا ہو۔ اس سے پہلے بھی دیکھا گیا تھا۔ آج جب لوگوں نے ہمیں اطلاع دی کہ چندیجی جنگلوں میں ایک ہرن گھوم رہا ہے اور وہ ہنگل جیسا نہیں لگ رہا جس کے بعد ہماری ٹیم وہاں پہنچی اور معلوم چلا کہ یہ ایک کستوری ہرن ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ چونکہ ہنگل کی طرح کستوری ہرن بھی خطرے سے دو چار جانوروں کے زمرے میں آتا ہے اور اس کا نام آئی یو سی این کی ریڈ لسٹ میں درج کیا گیا ہے۔ اسی لیے ہمیں کستوری ہرن کو اپنی تحویل میں لینا پڑا۔