وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے بیرواہ علاقے کے زین گام گاؤں میں تصادم کے دوران عسکریت پسند فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ اس تصادم میں سپیشل پولیس افسر (ایس پی او) ہلاک جبکہ ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔
کشمیر زون کے انسپکٹر جنرل آف پولیس وجے کمار نے سرینگر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ 'گزشتہ دیر رات پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ مذکورہ علاقے میں غیر مقامی عسکریت پسند اور لشکر طیبہ کا کمانڈر چھپا ہوا ہے جس کے بعد پولیس نے دیگر سکیورٹی فورسز کے ساتھ مل کر علاقے کو محاصرے میں لیا اور تلاشی مہم شروع کی۔ تلاشی کارروائی کے دوران عسکریت پسندوں نے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی جس میں ایک ایس پی او ہلاک جبکہ ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔
آئی جی پی وجے کمار نے کہا کہ رات کے اندھیرے کی وجہ سے صبح تک عسکریت پسندوں کے ساتھ رابطہ نہیں ہوسکا جس کی وجہ سے رات بھر تلاشی کارروائی جاری رہی۔
انہوں نے کہا کہ عسکریت پسندوں کے ساتھ دوبارہ رابطہ قائم نہیں کیا گیا جس سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ وہ فرار ہوگئے ہیں۔