بڈگام:مرکز کے زیر انتظام یوٹی جموں و کشمیر کے ضلع بڈگام میں آزادی کا امرت مہوتسو تقریبات کے تحت منعقدہ میری مٹی میرا دیش مہم اپنے اختتام کو پہنچی۔مقامی باشندوں نے اختتامی تقریب میں جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔
اختتامی تقریب پر ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) بڈگام اکشے لبرو نے امرت کیلاش یاترا کو جھنڈی دکھا کر ضلع کے تمام بلاکس اور میونسپل کمیٹیوں کے نمائندوں کے ساتھ ایس کے آئی سی سی سرینگر کی طرف روانہ کیا جہاں سے وہ قومی دارالحکومت دہلی کی طرف روانہ ہوں گے اور جہاں سے وہ "امرت واٹیکا" تخلیق میں حصہ لینے کے لیے شامل ہونگے جو کہ نیشنل وار میروریل کے قریب ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی سی نے قوم کے بہادروں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور قوم کے لیے ان کی بے لوث خدمات اور قربانیوں کو یاد رکھنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔انہوں نے شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے مشن کو انتہائی لگن اور ایمانداری کے ساتھ آگے بڑھانے پر زور دیا۔
فوج، پولیس اور دیگر نیم فوجی دستوں کے جوانوں کی بے لوث خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے، ڈی سی نے تمام سول محکموں کے افسران سے یہ عہد کرنے کی اپیل کی کہ وہ بھی عوامی خدمات کی فوری فراہمی کو یقینی بنائیں گے اور عوام کی بھرپور خدمت کریں گے۔