گاندربل: مزکز کے زیر انتظام یوٹی جموں و کشمیر کے ضلع گاندربل کے شیخ العالم اسٹیڈیم میں ضلع پولیس کی جانب سے منعقدہ شہدا پولیس پریمئیر لیگ ٹی 20 کا شاندار اختتام ہوا۔فائنل میں رائل کرکٹ کلب نے کولن رائل اسٹرایئکر ز کو شکست دے کر خطاب اپنے نام کرلیا۔ کولن رائل اسٹرائیکرز بمقابلہ رائل کرکٹ کلب کے درمیان گرینڈ فائنل ہوا جسے رائل کرکٹ کلب نے جیت لیا۔ اس دوران یاسر عرفات کو پورے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی پر مین آف دی میچ اور مین آف دی ٹورنامنٹ قرار دیا گیا۔ ایس ایس پی گاندربل شری نکھل بورکر-آئی پی ایس، نے بطور مہمان خصوصی شہدا پولیس پریمیئر لیگ T-20 کرکٹ ٹورنامنٹ کے گرینڈ فائنل کی دلکش تقریب میں شرکت کی۔
ٹورنامنٹ میں زبردست ردعمل دیکھنے میں آیا اور ضلع کی 40 کرکٹ ٹیموں نے حصہ لینا چاہا، لیکن آخر کار لکی ڈرا سیریز کے ذریعے 16 ٹیموں کو شارٹ لسٹ کیا گیا۔ منتخب کھیلنے والی ٹیموں نے ایونٹ کے انعقاد پر گاندربل پولیس کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ فائنل تقریب میں ایس ایس پی گاندربل نے ضلع پولیس گاندربل کی طرف سے وقتاً فوقتاً منعقد ہونے والے مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لینے پر تمام ٹیموں کی تعریف کی۔