سرکاری ذرائع نے بتایا کہ نامعلوم اسلحہ بردار گزشتہ شام دیر گئے ہندواڑہ کے بابا گنڈ میں عبدالمجید شاہ کے مکان پر پہنچے اور ان پر گولیاں چلائیں۔انہوں نے بتایا کہ اگرچہ شدید طور پر زخمی ہونے والے عبدالمجید کو فوری طور پر نزدیکی اسپتال لے جایا گیا تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ چکے تھے۔
کپواڑہ میں نامعلوم اسلحہ برداروں کے ہاتھوں شہری ہلاک - شمالی کشمیر
شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ کے ہندواڑہ میں گزشتہ رات نامعلوم اسلحہ برداروں نے ایک سابق عسکریت پسند کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔
ایک رپورٹ کے مطابق عبدالمجید شاہ حزب المجاہدین کے سابق عسکریت پسند تھے اور فی الوقت میوے کے کاروبار سے منسلک تھے۔ ایک اور رپورٹ کے مطابق ہلاک شدہ عبدالمجید جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے ساتھ وابستہ تھے۔
دریں اثنا ریاستی پولیس نے عبدالمجید کی ہلاکت کے لئے جنگجوؤں کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔کشمیر زون پولیس کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹویٹ میں کہا: 'عسکریت پسندوں نے کپواڑہ کے کرالہ گنڈ میں سیویلین عبدالمجید شاہ کو ہلاک کردیا۔ پولیس نے کیس درج کرلیا ہے۔ پولیس کے عہدیدار تحقیقات میں جٹ گئے ہیں'۔