بڈگام: وسطی کشمیر میں ضلع بڈگام کے چرار شریف علاقے سے تعلق رکھنے والی مہک نے اپنے بیکری کے شوق کو کاروبار میں تبدیل کر دیا ہے اور آج وہ مختلف قسم کے کیک بنا رہی ہیں جس میں شادی کے کیک، برتھ ڈے کیک، ڈرائی فروٹ کیک، ڈونٹ کیک اور کپ کیک کے علاوہ دیگر اقسام کے کیک شامل ہیں۔ مہک نے بتایا کہ جب وہ اونتی پورہ کی اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں زیرتعلیم تھیں تبھی ان کے ذہن میں ایک بیکری شاپ شروع کرنے کا خیال آیا تھا جہاں مختلف اقسام کے بیکری اشیاء تیار کریں۔ اس منصوبے کو مہک نے اپنے اساتذہ کے ساتھ شیئر کیا اور انہیں اس کےلیے کافی حوصلہ ملا۔
مہک نے اپنے بیکری کے شوق کو پورا کرنے کے لیے ٹرفل نیشن دہلی سے بیکری اور پیٹسیری میں ڈپلومہ کورس بھی کیا ہے۔ اس کے بعد انہوں نے اپنا بیکری شاپ شروع کیا ہے، اس حوالے سے وہ بتاتی ہیں کہ اپنی ابتدائی اور ثانوی تعلیم اپنے آبائی گاؤں چرارشریف سے مکمل کی اور بعد اس نے اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنولوجی (IUST) اونتی پورہ پلوامہ سے سال 2020 میں فوڈ ٹیکنالوجی میں بی ٹیک کی ڈگری حاصل کی۔ واضح رہے کہ مہک اب کیک کے علاوہ بسکٹ بھی تیار کرنے کا منصوبہ بنارہی ہیں انہوں نے اس کے لئے متعلقہ محکمے سے فوڈ لائسنس بھی حاصل کیا ہے۔ مہک کاکہنا ہے کہ "لوگوں نے میرے کام کو کافی ستائش کی ہے اور مجھے حوصلہ بھی دیا جس کے نتیجے میں میں مسلسل آگے بڑھ رہی ہوں"