شمالی کشمیر میں بانڈی پورہ - گریز روڈ پر ٹریفک بحال ہے۔ تاہم مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے مانگ کی ہے کہ سڑک پر ٹنل تعمیر کی جائے تاکہ موسم سرما میں گریز کا وادی کشمیر سے رابطہ بنا رہے۔
بانڈی پورہ -گریز روڈ پر ٹنل تعمیر کرنے کی مانگ بیکن اور گریز انتظامیہ کی کوششوں کی بدولت بانڈی پورہ گریز سڑک برفباری کے باوجود بھی آمدو رفت کے لیے بحال ہے۔
قابل ذکر ہے کہ وادی گریز بھاری برفباری کی وجہ سے پوری دنیا سے چھ ماہ کے لیے کٹی رہتی ہے جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
دریں اثنا گریز وادی کے سرپنچ عبدالرحیم میر نے سڑک کو کھلا رکھنے میں بیکن اور گریز انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ہے اور مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ گریز کے لیے ٹنل تعمیر کرنے کو منظوری دی جائے تاکہ گریز کے لوگوں کو موسم سرما میں راحت مل سکے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وادی بھر میں کم سے کم درجہ حرارت میں کمی کی وجہ سے کشمیر میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوا۔ محکمہ موسمیات کے عہدیداروں نے بتایا کہ بارہ دسمبر کو ہوئی برفباری کے بعد سے کشمیر بھر میں موسم خشک اور سرد رہا ہے اور رات کا درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے رہا۔
محکمہ موسمیات نے اگلے تین روز کے دوران وادی کشمیر میں ہلکی بارش یا برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔