سرینگر(جموں و کشمیر): مرکز کے زیر انتظام خطہ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ٹی وی سیریل "پشمینہ" کی شوٹنگ کا رسمی افتتاح کرنے کے بعد کہا کہ 'آج سے دو سال قبل جموں و کشمیر انتظامیہ نے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے بعد نئی فلم پالیسی جاری کی جس کے بعد اب تک یہاں تقریباً 300 فلمیں فلمائی گئی ہیں۔ یہ ایک اچھی بات ہے۔'
اُن کا مزید کہنا تھا کہ 'جموں و کشمیر اب دوبارہ فلمکاروں کا پسندیدہ مقام بن رہا ہے۔ 80 کی دہائی کا وہ دور واپس آ رہا ہے جب کشمیر میں ہالی ووڈ اور بالی ووڈ کی فلموں کی شوٹنگ ہوا کرتی تھی۔ ایک بار پھر وہ دن واپس لوٹ کر آ رہے ہیں۔' ایل جی نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ 'وادی میں فلمی سیاحت کی بحالی سے جموں و کشمیر کی معیشت کو نہ صرف فروغ ملے گا بلکہ مقامی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع کے بھی ملیں گے۔'