لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل لیہہ کے چیف ایگزیکٹو کونسلر اور ایگزیکٹو کونسلرز نے آج ایک اجلاس کونسل سیکرٹریٹ لیہہ میں منعقد کیا۔ اس دوران سابق مرکزی وزیر و سابق رکن پارلیمان لداخ پی نامگیال کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کیا گیا اور ان کے لواحقین سے تعزیت کی گئی۔
چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو کونسلر لیہہ گیال پی وانگیال اور ایگزیکٹو کونسلرز لیہہ نے لداخ کے سابق مرکزی وزیر اور تین بار رکن پارلیمنٹ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔
اجلاس میں لداخ کے عوام کی فلاح و بہبود اور لداخ کی ترقی میں پی نامگیال کی شراکت کو تین مرتبہ بطور رکن پارلیمان لداخ اور بطور یونین ڈپٹی منسٹر برائے سرفیس ٹرانسپورٹ و پارلیمانی امور اور یونین منسٹر فار اسٹیٹ، کیمیکلز اور پیٹرو کیمیکل اور پارلیمانی امور اور ہل کونسل لیہ کی تشکیل میں ان کے کردار کو یاد کیا گیا۔
اجلاس میں انہیں ریاستی اعزاز سے نوازنے کی گزارش کی گئی۔
وہیں لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل کرگل کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو کونسلر، فیروز احمد خان نے سابق مرکزی وزیر مملکت پی نامگیال کے انتقال پر تعزیت کی ہے۔