محکمہ موسمیات کے علاقائی ناظم سونم لوٹس نے بتایا کہ جموں و کشمیر میں 28 فروری کی شام سے 29 فروری کی شام تک میدانی علاقوں میں درمیانی درجے کی بارشیں جبکہ بالائی علاقوں میں درمیانی درجے کی برف باری ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع کرگل کے زوجیلا، دراس اور زنسکار جیسے مقامات پر بھی 29 فروری کو برف باری متوقع ہے۔
موصوف ناظم نے کہا کہ جموں کشمیر کے میدانی علاقوں میں 29 فروری کو کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ ساتھ ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے جس کے باعث سری نگر۔ جموں شاہراہ پر رام بن بانہال سیکٹر میں مٹی کے تودے بھی گر سکتے ہیں۔
دریں اثنا وادی کشمیر میں جمعرات کے روز ہی دھوپ اور چھاؤں کا کھیل جاری رہا۔ مطلع پر بادل کے ٹکڑے بھی چھایے رہے اور آفتاب بھی دن میں بیشتر اوقات باہر نکل کر لوگوں کو دھوپ سے محظوظ کرنے میں کامیاب ہوا۔