بڈگام: ملک کی دوسری ریاستوں کی طرح مرکز کے زیر انتظام یوٹی جموں و کشمیر کے ضلع بڈگام سمیت دیگر اضلاع میں محرم الحرام کو لے کر تیاریاں زور شور سے جاری ہیں۔ اسی درمیان ترقیاتی کمشنر اکشے لابرو نے ایس ایس پی بڈگام کے ساتھ محرم کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے مرکزی امام باڑہ کا دورہ کیا۔ ڈی سی نے بجلی اور پانی کی فراہمی، سڑکوں، پارکوں، نکاسی آب اور دیگر انتظامات کی تعمیر و ترقی سمیت سہولیات کا معائنہ کیا۔ اس موقعے پر ڈی سی نے اس بات پر زور دیا کہ ضلع انتظامیہ ضلع کے تمام شیعہ علاقوں میں ماتمی جلوسوں اور مجالس کے انعقاد کے لیے تمام انتظامات کو یقینی بنائے گی۔
انہوں نے متعلقہ افراد کو ہدایت دی کہ وہ پارک کی ترقی اور امام باڑہ بڈگام کے ارد گرد نکاسی کے مضبوط نظام کو ترجیحی بنیادوں پر شروع کریں۔دورے کے دوران ڈی سی نے مختلف مقامی لوگوں سے ملاقات کی جنہوں نے ان کے ساتھ اپنے مطالبات اٹھائے۔ ڈی سی نے انہیں صبر سے سنا اور کہا کہ ضلعی انتظامیہ اس بات کو یقینی بنائے گی کہ تمام حقیقی مطالبات کو مقررہ مدت میں حل کیا جائے۔