اس ضمن میں منعقدہ میٹنگ میں ڈپٹی کمشنر سری نگر، سیکرٹری وقف بورڈ، خطیب نقشبند صاحب پروفیسر طعیب کاملی، امام سعید یعقوب صاحب سونہ وار مولوی محمد حسین قادری، مولوی مشتاق احمد جامع مسجد منور آباد، خطیب سعید منصور صاحب ذالڈگر مولوی عبدالحمید نعامی، امام سعید قاسم شاہ نشاط ، مولوی غلام محی الدین کے علاوہ دیگر متعلقین موجود تھے۔
وادی میں کووڈ 19 معاملات میں اضافے کے پیش نظر مشیر نے متعلقہ اماموں اور خطیبوں سے کووڈ 19 کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لئے اپنی حیثیتوں کو بروئے کار لا کر عوام کو گھروں کے اندر ہی رہ کر نمازوں وغیرہ کا اہتمام کرنے کے لئے اُن سے تعاون طلب کیا۔
انہوں نے کہا کہ گذشتہ چند دنوں سے کووڈ 19 معاملات میں کئی گُنا اضافہ ہو رہا ہے اس سبب سے ہم سب بالخصوص مذہبی رہنمائوں کا یہ فرض ہے کہ وہ تراویح، جمعتہ الوداع اور دیگر نمازوں کا اہتمام گھروں میں ہی کرنے کی لوگوں کو اپیل کریں اور عید کا تہوار بھی اپنے گھر میں ہی منائیں۔
مشیر نے ماہ رمضان کے دوران لوگوں کو گھروں میں ہی نمازیں ادا کرنے کے لئے راغب کرنے کی اماموں اور خطیبوں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے انہیں ٹیلی ویژن، ریڈیو اور اخبارات کے ذریعے لوگوں میں اس ضمن میں بیداری پیدا کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے اُن سے کہا کہ مسجدوں میں نماز ادا کرنے والوں کو آنے والے مذہبی موقعوں پر لوڈ سپیکر استعمال نہ کرنے کی صلاح دی۔
ڈپٹی کمشنر سری نگر نے اس موقعہ پر کہا کہ ضلع انتظامیہ نے اشیائے ضروریہ کی تجارت سے وابستہ افراد بشمول سبزی والے، دودھ بیچنے والے، نانوائی اور بیکری وغیرہ بیچنے والے، قصائی، پولٹری پرندے بیچنے والے وغیرہ کو کووڈ 19 انفیکشن سے بچائو کے بارے میں تربیت اور جانکاری فراہم کی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ 250 ایسے افراد کا ٹیسٹ بھی کیا گیا۔
انہوں نے مذہبی رہنمائوں کے کووڈ 19 سے متعلق پیغامات عوام تک پہنچانے کے لئے انہیں ہر ممکن مدد فراہم کرنے کا یقین دلایا۔ خطیب نقشبند صاحب پروفیسر طعیب کاملی نے حکام کو بھر پور تعاون کا یقین دلایا ۔