اطلاعات کے مطابق وادی کشمیر سے آئے ہوئے طلباء کے اہل خانہ کو بھی ان سے ملنے کے لیے بیلگام جیل بھیجا گیا۔
کرناٹک: کشمیری طلباء بیلگام ہندالگا جیل منتقل پولیس کے مطابق گوکول روڈ پولیس اسٹیشن میں درج ملک سے غداری کا مقدمہ اب دیہی تھانے میں منتقل کردیا گیا ہے کیونکہ ویڈیو ریکارڈنگ کالج ہاسٹل کے کمرے میں کی گئی تھی جو دیہی تھانے کے دائرہ اختیار میں ہے۔
پولیس کمشنر آر دلیپ نے کہا کہ ' عدالت کی ہدایت پر یہ کیس ہبلی دیہی تھانہ منتقل کردیا گیا ہے'۔
اس سے قبل گرفتار شدہ تین کشمیری طلباء کو ملک سے غداری کے معاملے میں عدالت میں پیش کیا گیا تھا جس کے بعد انہیں 2 مارچ تک عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا۔
پولیس کے مطابق ان تینوں طلباء نے پلوامہ حملے کی پہلی برسی کے موقع پر ایک ویڈیو بنایا تھا جس میں وہ مبینہ طور پر 'پاکستان زندہ باد'، 'ہم آزادی چاہتے ہیں' اور 'فری کشمیر' کے نعرے لگا رہے ہیں'۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے تینوں طلباءکو گرفتار کیا تھا۔