اننت ناگ:مرکز کے زیر انتظام یوٹی جموں و کشمیر کے اننت ناگ کے کوکرناگ کے مین قصبے سے تقریباً 7 کلومیٹر کی دوری پر واقع تکیہ ماگم کے لوگوں نے شکایت کی ہے کہ مذکورہ علاقے میں بجلی کا نظام خستہ حالی کا شکار ہے، اس کے باعث صارفین کو کئی مشکلات کا سامنا درپیش ہے۔بجلی کے بوسیدہ نظام کے نتیجے میں مذکورہ علاقے میں اکثر اوقات بجلی کی عدم دستیابی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جس سے بچوں کی پڑھائی پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
مقامی لوگوں کے مطابق جب بھی مذکورہ علاقے میں تیز ہوائیں چلتی ہیں تو بجلی کے بوسیدہ کھمبوں پر ترسیلی لائنیں ٹک نہیں پاتی وہ زمین پر گر جاتی ہیں، جو کبھی بھی کسی بڑے حادثے کا موجب بن سکتی ہے، انہوں نے کہا کہ برفباری کے ایام میں علاقے سے اکثر بجلی گل رہتی ہے، کیونکہ برفباری کے نتیجے میں ترسیلی لائنیں بجلی کے بوسیدہ کھمبوں پر ٹک نہیں پاتی، نتیجتاً ماگم اور اس سے ملحقہ علاقوں سے اکثر اوقات میں بجلی غائب ہو جاتی ہے۔