موسم خزاں ہو یا بہار، سردیاں ہو یا گرمی کا موسم، وادئ پہلگام ہر موسم میں سیاحوں کے لیے پر کشش رہی ہے۔
موسم سرما میں وسیع و عریض میدان اور بلند و بالا برف پوش کوہساروں سے سجی پہلگام کی سر زمین یہاں آنے والوں پر سحر طاری کر دیتی ہے۔
پہلگام: قدرت کا حسین شاہکار جہاں کوہستان کے برفانی تودوں کے بطن سے نکلتا ہوا صاف و شفاف ٹھندا پانی اور خنک ہوائیں پورے ماحول کوخوشگوار بنادیتی ہیں۔ وہیں سرسبز صنوبر و دیودار کے درختوں اور دریائے لدر کے کناروں پر جمی برف کی سفید چادر پہلگام کے حسن کو دوبالا کرتی ہے۔
پہلگام کی سیر و تفریح واقعی سیاحوں کے لیے باعث سکون و راحت ہے.. یہی وجہ ہے کہ مقامی، ملکی و غیر ملکی سیاح حُسن فطرت سے مالامال وادئ پہلگام کا رخ کرتے ہیں اور یہاں زندگی کے چند ایام گزار کر اپنے سفر کو یادگار بناتے ہیں..
پہلگام آنے والے سیاحوں کا کبھی من نہیں بھرتا۔ وہ دوبارہ یہاں آنے کی خواہش لئے زندگی کے پر سکون، حسیں اور میٹھی یادوں کے ساتھ لوٹ جاتے ہیں۔
حالات کیسے بھی ہو قدرتی حسن کے متوالے پہلگام کی سیرو تفریح کی تمنا ہر حال میں پوری کرتے ہیں..اور وادی کے بارے میں منفی سوچ رکھنے والے لوگوں تک مثبت پیغامات پہنچا کر تمام غلط فہمیاں دور کرتے ہیں..
پہلگام آنے والے ہر شخص کا فرض بنتا ہے کہ وہ قدرت کے عطا کردہ اس تحفہ کی حفاظت کو یقینی بنانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔حکومت کو بھی اس میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہئے.. تاکہ ان خوبصورت مقامات کی شان ہمیشہ بحال رہے..