رامبن:مرکز کے زیر انتظام یوٹی جموں و کشمیر کے ضلع رامبن کے سب ڈویزن رامسور کے نیل سرنفا کے ایک وفد نے ڈی ڈی سی کاؤنسلر بشیر احمد نائیک کی سربراہی میں ضلع ترقیاتی کمشنر سے ملاقات کی۔ وفد نے ڈی سی سے علاقے میں راشن کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ وادی نیل کے اس دور دراز علاقہ میں تین سو سے زائد لوگوں کے لئے کوئی ڈپو نہیں ہے۔ لوگوں کو اپنے اپنے کاندھے پر راشن لاد کر لے جانا پڑتا ہے۔ تاہم گزشتہ کچھ وقت سے ضلع انتظامیہ کے احکامات پر محکمہ راشن کو گھوڑوں پر پہنچانے کا کام کیا جا رہا ہے لیکن مقامی باشندوں کا الزام ہے کہ انہیں وقت پر راشن مہیا نہیں کیا جاتا ہے۔
ڈی ڈی سی کاونسلر نے ضلع ترقیاتی کمشنر کو راشن ڈیلر کی جانب سے کم راشن دیے جانے کی بھی شکائت کی۔ اس ضمن میں ضلع ترقیاتی کمشنر رامبن نے یقین دہانی کرائی کہ اس مسئلے کو لے کر محکمہ فوڈ کے افسران کے ساتھ میٹنگ میں تبادلہ خیال کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پورے معاملے کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے۔ اس مسئلے کو جلد سے جلد حل کرنے کی کوشش کی جائے گی تاکہ لوگوں کو اب مزید پریشانیوں کا سامنا نا کرنا پڑے۔