کئی سرحدی علاقوں میں سڑکیں ہنوز زیر برف ہونے کی وجہ سے اسکول تو کھلے ہیں لیکن اساتذہ حاضر ہونے سے قاصر ہیں جس کے پیش نظر لوگوں نے حکومت سے اساتذہ کو جہازوں کے ذریعے ڈیوٹی پر لانے کا مطالبہ کیا ہے۔
شمالی ضلع بانڈی پورہ کے گریز علاقے میں لائن آف کنٹرول کے متصل درجنوں دیہات کے لوگوں کا کہنا ہے کہ بانڈی پورہ – گریز روڈ گزشتہ زائد از دو ماہ سے بند رہنے کے باعث ان کے علاقوں میں قائم تعلیمی اداروں میں سرمائی تعطیلات کے بعد بیشتر اساتذہ ڈیوٹی پر حاضر نہیں ہوسکتے ہیں جس کے نتیجے میں طلبا کو ناقابل تلافی تعلیمی نقصان سے دوچار ہونا پڑرہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گریز کے از مرگ گاؤں میں قائم ایک اسکول میں کوئی استاد ہی نہیں ہے جس کے باعث اس اسکول میں زیر تعلیم طلبا تعلیم سے مسلسل محروم ہورہے ہیں۔