ریاست اتر پردیش کے ضلع جونپور میں کوتوالی مچھلی شہر حلقہ کے محلہ مہتوانہ کے ایک اسکول میں سماجی تنظیم قومی اتحاد فاؤنڈیشن کی جانب سے اسلامک جنرل نالج تقابلی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔
جونپور: اسلامک کوئز مقابلہ کا اہتمام پروگرام میں 100 بچوں نے حصہ لیا دو راؤنڈ میں پروگرام کو مکمل کیا گیا۔اول دوم سوم پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں کو مہمانوں کے ہاتھوں انعامات سے نوازا گیا۔
قومی اتحاد فاؤنڈیشن کے صدر گلنواز احمد عزیز نے بتایا کہ اسلامی کوئز تقابلی پروگرام میں 100 بچوں نے حصہ لیا۔انہوں نے بتایا کہ ہماری تنظیم کے 7 برس مکمل ہو چکے ہیں اس طرح کا یہ چوتھا پروگرام ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے پروگراموں کے اہتمام کرنے کا مقصد نسل نو کو اسلامی معلومات سے روشناس کرانا ہے کیونکہ بچے فلموں کے ہیروز کے بارے میں تو علم رکھتے ہیں مگر اسلامک ہیروز کے بارے میں ان کے پاس معلومات صفر ہوتی ہیں۔
مزید بتایا کہ جب اسلامک کوئز تقابلی پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا تو ہم اپنی تاریخ کے صفحات کو گردانیں گے تو اس سے دین و اسلام کے تئیں ہماری معلومات میں اضافہ ہوگا۔
واضح رہے قومی اتحاد فاؤنڈیشن کا شمار مچھلی شہر کی سرکردہ سماجی تنظیموں میں کیا جاتا ہے۔ قومی اتحاد فاؤنڈیشن خاص طور سے تعلیمی میدان میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی رہتی ہے اور تعلیمی بیداری کے تعلق سے بسا اوقات پروگرام کا اہتمام بھی کرتی رہتی ہے۔