محکمہ لائبریری اینڈ ریسرچ، معلومات تک رسائی کو وسیع کرنے کے لیے مختلف محکموں کے ساتھ تبادلۂ خیال کرتے ہوئے جموں و کشمیر میں تھیم پر مبنی ریڈنگ زون کم پبلک لائبریریز کا ایک نیٹ ورک قائم کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔
ثقافت، سیاحت اور یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس کے سیکریٹری سرمد حفیظ نے گزشتہ روز سرینگر میں ایس پی ایس لائبریری کمپلیکس کے دورے کے دوران اس کا اعلان کیا۔
سرمد حفیظ نے کہا کہ محکمہ لائبریری نے سرینگر اسمارٹ سٹی لمیٹیڈ کے اشتراک سے شہر میں دو اسمارٹ لائبریریوں کے قیام کے لئے کام پہلے ہی شروع کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 'سرینگر اور جموں میں محکمہ اطلاعات، ایئرپورٹ اتھارٹی آف انڈیا لمیٹیڈ، سرینگر میونسپل کارپوریشن، محکمہ آرکائیوز، آرکولاجی اینڈ میوزیمز اور مبارک منڈی ہیریٹیج سوسائٹی کے ساتھ مل کر چند تھیم پر مبنی لائبریریوں کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔'
سرمد نے لائبریری کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور وہاں موجود ریڈنگ روم میں موجود طلبا کی ایک بڑی تعداد سے بات چیت کی۔ انہوں نے پورے ایس پی ایس لائبریری کمپلیکس کو وائی فائی رابطے کی فراہمی پر محکمہ لائبریریز کی تعریف کی۔
طلبا کے مختلف مطالبات کے جواب میں جس میں وقت اور جگہ کی تنگی میں اضافہ شامل ہے، سیکریٹری ثقافت نے اعلان کیا کہ ایس پی ایس لائبریری کی پہلی منزل میں ایک اور ریڈنگ روم کو مکمل طور پر فعال بنایا جائے گا اور طلبا کے لئے کھول دیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ ریڈنگ روم کے لئے آپریشنل اوقات اول یکم جنوری 2021 سے صبح 9.00 بجے سے شام 5 بجے تک ہوں گے۔