جموں و کشمیر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں کووڈ-19 کے 87 مثبت کیسز سامنے آئے ہیں۔ اپریل ماہ سے جموں و کشمیر میں لگاتار کورونا کیسز کی تعداد میں اضافہ ہو رہا تھا تاہم گزشتہ دو ماہ سے یہاں کورونا کیسز میں بتدریج کمی ہو رہی ہے۔ اس سے قبل شبہ ظاہر کیا جاتا تھا کہ سردی کے ایام میں کورونا کیسز میں اضافہ ہوسکتا ہے لیکن اندازے کے عین برعکس سردی کے شروع ہوتے ہی یہاں مثبت معاملات میں نمایاں کمی واقع ہرئی ہے۔
نئے کیسز میں سے 11 خطہ جموں سے جبکہ 76 خطہ کشمیر سے ہیں۔ علاوہ ازیں جموں و کشمیر میں اس وبا سے ہلاک ہونے والوں کی کل تعداد 1954 ہو گئی ہے۔
حکام نے بتایا کہ گزشتہ روز 53 کورونا مریض صحتیاب ہوئے ہیں اور انہیں مختلف ہسپتالوں سے رخصت کیا گیا ہے۔ صحتیاب ہوئے مریضوں میں سے 19 جموں خطے سے ہیں اور 34 کشمیر وادی سے ہیں۔ صحتیاب ہونے والوں کی کل تعداد 122992 ہو گئی ہے۔ اس دوران کورونا سے تین افراد کی موت بھی ہوئی ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ میڈیا بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ 125634 پازیٹیو کیسز میں سے 688 کیسز فعال ہیں جبکہ 122992 مریض صحتیاب ہو گئے ہیں۔