اردو

urdu

ETV Bharat / state

' شب قدر، جمعتہ الوداع اور نماز عید کی اجتماعی تقریبات نہیں ہوگی' - وادی کشمیر میں آئے روز کوروناوائرس کے مثبت کیسز

وادی کشمیر میں آئے روز کوروناوائرس کے مثبت کیسز میں اضافہ ہوتا جارہا ہے جس سے کافی تعداد میں لوگ متاثر ہورہیں ہیں۔

' شب قدر، جمعتہ الوداع اور نماز عید کی اجتماعی تقریبات نہیں ہوگی'
' شب قدر، جمعتہ الوداع اور نماز عید کی اجتماعی تقریبات نہیں ہوگی'

By

Published : May 18, 2020, 11:14 PM IST

وادی کشمیر میں درجنوں مذہبی جماعتوں پر مشتمل اتحاد 'متحدہ مجلس علما جموں وکشمیر' نے اعلان کیا ہے کہ کورونا وائرس کی سنگینی اور اس وبا میں مبتلا مریضوں کے بڑھتے ہوئے گراف کے پیش نظر شب قدر، جمعتہ الوداع اور نماز عید کی اجتماعی تقریبات انجام نہیں دی جائیں گی بلکہ رواں ماہ رمضان کے معمولات کے مطابق لوگ گھروں میں ہی انفرادی طور نمازوں، ذکر و اذکار، توبہ و استغفار اور دعا و مناجات کا اہتمام کریں گے۔

متحدہ مجلس علما، جس کی قیادت نظربند حریت رہنما میرواعظ مولوی عمر فاروق کررہے ہیں، نے موجودہ پُرآشوب حالات کے تناظر میں ایک دوسرے کی بالخصوص ضرورتمندوں اور محتاجوں کی امداد و اعانت پر زور دیتے ہوئے لوگوں کو تلقین کی ہے کہ دینی، فلاحی اور امدادی اداروں کی بھر پور مالی معاونت کے ساتھ ساتھ صدقہ فطر جو امسال 55 روپے فی کس طے کیا گیا ہے اُسے سماج کے غریبوں اور محتاجوں تک پہنچا کر عید کی خوشیوں میں انہیں شامل کریں۔

نیز معذور حضرات جو روزہ رکھنے پر قادر نہیں ہیں وہ ایک روزے کے بدلے بطور فدیہ 50 روپے یومیہ کے حساب سے اللہ کے راستے میں خیرات کریں۔

متحدہ مجلس علما جموں وکشمیر کے بنیادی اراکین اور اس میں شامل مقتدر دینی ادارے انجمن اوقاف جامع مسجد سری نگر، مفتی اعظم جموں وکشمیر مفتی ناصر الاسلام، مسلم وقف بورڈ جموں وکشمیر، جموں وکشمیر جمعیت اہلحدیث، دارالعلوم رحیمیہ، جموں وکشمیر انجمن شرعی شیعیان، کاروان اسلامی جموں وکشمیر، جموں وکشمیر اتحاد المسلین، انجمن تبلیغ الاسلام کے علاوہ اور دیگر دینی و ملی تنظیمات نے پیر کے روز یہاں جاری اپنے ایک مشترکہ بیان میں یہ اعلانات کئے۔

بیان میں متذکرہ تنظیموں اور علما نے ماہ رمضان کے عشرہ نجات، شب قدر، جمعتہ الوداع اور عیدالفطر کی تقریبات پر عالمی اسلام کے مسلمانوں خاص طور پر اہلیان جموں وکشمیر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انشاء اللہ مقدس ماہ رمضان کی برکت سے اللہ تعالیٰ موجودہ مہلک اور موذی عالمی وبا کورونا وائرس سے دنیا اور انسانیت کو نجات عطا فرمائیں گے اور ماضی کی طرح زندگی کی مثبت سرگرمیاں شروع ہوں گی۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details