اردو

urdu

ETV Bharat / state

چند منٹوں کی بارش میں سرینگر کی سڑکیں زیر آب

وادی کشمیر میں جمعرات کی صبح چند منٹوں تک جاری رہنے والی بارشوں سے شہر سرینگر کی تمام بڑی سڑکیں بالخصوص تاریخی لالچوک زیر آب آنے سے لوگوں کو گوناگوں دقتوں کا سامنا کرنا پڑا۔

چند منٹوں کی بارش میں سرینگر کی سڑکیں زیر آب

By

Published : Aug 1, 2019, 3:25 PM IST

اگرچہ انتظامیہ نے پانی کی نکاسی کے لئے پمپوں کو کام پر لگایا، لیکن اس سے قبل پانی دکانوں اور مکانوں میں گھس کر مال کو خراب بھی کرگیا تھا اور مکینوں کے لئے بھی پریشانیوں کا باعث بن گیا تھا۔
ادھر محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی میں اگلے 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارشیں ہوسکتی ہیں۔
محکمہ کے مطابق سری نگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 26.4 ملی میٹر بارش ریکارڑ کی گئی۔سری نگر کا تجارتی مرکز لالچوک جمعرات کی صبح جھیل کا نظارہ پیش کررہا تھا، جہاں گاڑیوں کو چلنے میں دقتیں پیش آرہی تھیں وہیں راہگیر اپنے جوتے ہاتھ میں اٹھائے چل تو رہے تھے لیکن انہیں خوف تھا کہ کہیں ڈرین میں گر کر زخمی نہ ہوجائیں۔
کئی دکانوں میں پانی گھس گیا تھا جس کی وجہ سے وہاں مختلف قسم کے مال کو کافی نقصان پہنچا تھا۔ لالچوک کے گروپیش سڑکوں پر کم سے کم دوفٹ پانی جمع تھا جو سڑکیں نہیں بلکہ دریا و جھیل دکھائی دیتی تھیں۔اسکولی بچوں کو اسکول جانے کے لئے والدین اپنے کندھوں پر اٹھا رہے تھے۔ ایک والد نے میڈیا کو بتایا کہ ہم دس منٹ کی بارش میں ڈوب جاتے ہیں اور بچوں کو اسکول لانے لے جانے کے لئے ہمیں انہیں اپنے کندھوں پر اٹھانا پڑتا ہے۔
رزیڈنسی روڑ اور ریگل چوک میں بھی کئی فٹ پانی جمع ہوا تھا جس سے راہگیروں کو چلنے پھرنے میں دقتوں کا سامنا کرنا پڑرہا تھا۔
پانی ایکسچینج روڑ پر کئی عمارتوں بشمول یو این آئی دفتر اور ریڈ کراس دفتر میں گھس گیا تھا اور ان دفاتر میں کام کرنے والے ملازمین کو دفتروں میں داخل ہونے کے لئے اپنے جوتے ہاتھوں میں اٹھانے پڑے۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details