جموں و کشمیر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں کووڈ-19 کے 108 مثبت کیسز سامنے آئے ہیں۔ اپریل ماہ سے جموں و کشمیر میں لگاتار کورونا کیسز کی تعداد میں اضافہ ہو رہا تھا تاہم گزشتہ دو ماہ سے یہاں کورونا کیسز میں بتدریج کمی ہو رہی ہے۔ اس سے قبل شبہ ظاہر کیا جاتا تھا کہ سردی کے ایام میں کورونا کیسز میں اضافہ ہوسکتا ہے لیکن اندازے کے عین برعکس سردی کے شروع ہوتے ہی یہاں مثبت معاملات میں نمایاں کمی واقع ہرئی ہے۔
نئے کیسز میں سے 31 خطہ جموں سے جبکہ 77 خطہ کشمیر سے ہیں۔ علاوہ ازیں جموں و کشمیر میں اس وبا سے ہلاک ہونے والوں کی کل تعداد 1955 ہو گئی ہے۔
حکام نے بتایا کہ گزشتہ روز 59 کورونا مریض صحتیاب ہوئے ہیں اور انہیں مختلف ہسپتالوں سے رخصت کیا گیا ہے۔ صحتیاب ہوئے مریضوں میں سے 11 جموں خطے سے ہیں اور 48 کشمیر وادی سے ہیں۔ صحتیاب ہونے والوں کی کل تعداد 123426 ہو گئی ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ میڈیا بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ 126201 پازیٹیو کیسز میں سے 820 کیسز فعال ہیں جبکہ 123426 مریض صحتیاب ہو گئے ہیں۔