جموں پولیس نے عسکریت پسند تنظیم لشکر طیبہ کے 11 اراکین کے خلاف چارج شیٹ دائر کی ہے۔ ان ملزمین کو گزشتہ برسایل ای ٹی کا ایک ماڈیول تباہ کرنے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔
ایک سرکاری کے ترجمان نے بتایا کہ گرفتار شدہ ملزمین کے خلاف جموں کے ضلع ڈوڈہ کے نو اور شمالی کشمیر کے بارہمولہ اور کپواڑہ اضلاع کے دو افراد کے خلاف چارج شیٹ دائر کی گئی ہے۔ یہ چارج شیٹ جمعہ کو تیسرے ایڈیشنل سیشن جج جموں کی عدالت میں دائر کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شدت پسندوں کا ماڈیول پاکستان میں قائم ایل ای ٹی کے ایک ہینڈلر محمد امین عرف ہارون کی ہدایت پر چلایا جارہا تھا جو ڈوڈہ بیلٹ میں کالعدم گروہ لشکر طیبہ کا سرگرم عسکریت پسند تھا۔
واضح رہے کہ گذشتہ برس جموں کے پیر میٹھا پولیس اسٹیشن میں ان 11 ملزمان کے خلاف انسداد غیر قانونی سرگرمی ایکٹ اور اسلحہ ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
اس معاملے کی تحقیقات ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس پروپکر سنگھ کی سربراہی میں خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے کی۔ ترجمان نے بتایا کہ تفتیش کے دوران ملزمان سے 1.90 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔
مقدمے میں گرفتار افراد میں پاکستانی ہینڈلر فاروق احمد بھٹ کا بھائی، مبشر فاروق بھٹ، توقیر احمد بھٹ، محمد آصف بھٹ، خالد لطیف بھٹ، غازی اقبال بھٹ، طارق حسین میر، فاروق احمد ملک اور محبب حسین (تمام رہائشی ڈوڈہ سے تعلق رکھتے ہیں ) اور کپواڑہ کے ہندواڑہ علاقے کے جنید عزیز لون اور بارہمولہ کے محمد ہاشم ملک شامل ہیں۔