ڈوڈہ:مرکز کے زیر انتظام یوٹی جموں و کشمیر میں بھارتی فوج نے وادی میں امن و امان قائم اور مقامی باشندوں کے لئے فلاحی کاموں کے لئے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر عمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بھارتی فوج نے مقامی باشندوں سے فوج کے ان ترقیاتی منصوبوں سے جڑنے کی اپیل کی ہے۔ فوج نے اسکولوں کی عمارتیں تعمیر کیں، انسانوں اور پالتو جانوروں کے علاج کے لیے میڈیکل کیمپ لگائے، اسکولوں کو کمپیوٹر فراہم کیے اور سڑکیں اور پل بنائے۔ فوج نوجوانوں کو روزی روٹی کمانے کے قابل بنانے کے لیے مختلف قسم کے تربیتی پروگرامز بھی متعارف کروا رہی ہے۔
اپنے فلاحی پروگراموں کو جاری رکھتے ہوئے، خیر سگالی فوج نے آج ڈوڈہ کے 20 نوجوانوں کو ڈوڈہ کے ایک ڈیجیٹل ڈرائیونگ انسٹی ٹیوٹ میں ڈرائیونگ اور آٹوموبائل کی مرمت کی تربیت حاصل کرنے کے لیے سپانسر کیا۔ اس سلسلے میں ڈرائیونگ انسٹی ٹیوٹ میں ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا جہاں امیدواروں نے 10 آر آر کے فوجی افسران کی موجودگی میں اپنی کلاس کا آغاز کیا۔