بارہمولہ: جموں و کشمیر میں 25 فروری 2021 کو بھارت اور پاکستان کی فوج کے اعلیٰ افسران نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر امن و امان کو یقینی بنانے کے لئے جنگ بندی معاہدے کی تجدید کی۔ لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کے معاہدے کے دو سال مکمل ہونے پر مقامی باشندوں نے خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ گولہ باری بند ہونے کی وجہ سے انہیں راحت ملی ہے۔ وہ چین و سکون کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں۔ ایل او سی کے قریب واقع گاؤں کے باشندوں نے کہا کہ بندوقوں کی خاموشی کی وجہ سے ہماری زندگی پٹری واپس آنے لگی ہے۔ ہمیں امید ہے کہ یہ طویل عرصے تک جاری رہے گا اور ہم بھی پرسکون اور لطف اندوز زندگی گزارنے کا موقع ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ زیر زمین بنکرز کی ضرورت اب نہیں ہے۔ اب سڑکوں، تعلیمی اداروں، صحت کے انفراسٹرکچر کو اپ گریڈ کرنے، کھیلوں کے میدانوں کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ سرحدی قصبہ اوڑی کے مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ جب یہاں پر گولہ باری شدید ہورہی تھی، اس وقت ہمیں کافی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ گولہ باری کے سبب بہت سی جانیں گئیں۔ متعدد افراد معذور ہوگئے۔ کروڑوں کی املاک کو نقصان پہنچا تھا لیکن جب سے سرحد پر دونوں طرف سے بندوقیں خاموش ہوئیں، تب سے ہم خوشی اور عافیت محسوس کررہے ہیں۔