جموں و کشمیر میں مسلسل جنگ بندی کی خلاف ورزی کرنے پر بھارت نے پاکستانی فوج پر سخت تنقید کی ہے۔ بھارت نے پاکستان کو 2003 کے جنگ بندی معاہدے کی یاد دلا دی۔
ورچوئل پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے وزارت خارجہ کے ترجمان انوراگ شری واستو نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان دراندازیوں کو سرحد پار تحفظ فراہم کرتا رہتا ہے اور کہا کہ لائن آف کنٹرول پر تعینات پاکستانی مسلح افواج کی شمولیت کے بغیر حملے کی اس طرح کی سرگرمیاں ممکن نہیں ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ یہ تبصرہ وزارت خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جمعرات کی صبح جموں خطے کے نگروٹہ علاقے میں عسکریت پسندوں کے حملے کو ناکام بنانے کے بعد سامنے آیا ہے۔ جموں و کشمیر میں سکیورٹی فورسز نے چار عسکریت پسندوں کو انکاؤنٹر کے دوران ہلاک کیا تھا جو آئی جے جموں کے مطابق آئندہ ڈی ڈی سی انتخابات سے قبل ایک بڑے حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ وزارت نے پاکستانی سفیر کو 14 نومبر کو طلب کیا تھا اور جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر شدید احتجاج درج کیا تھا۔