پاکستان کو آکسفورڈ آسٹرا زینیکا کووڈ-19 ویکسین فراہم کئے جانے پر جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ فاروق عبد اللہ نے بدھ کے روز کہا کہ بھارت میں تیار کردہ آکسفورڈ آسٹرا زینیکا کی کووڈ-19 ویکسین کی مفت خوراکیں پاکستان کو ملیں گی، جو بھارت کی انسانیت دوست پالیسی کی عکاس ہے، اور اب دونوں ممالک قریب آ رہے ہیں اور تناؤ کا احساس آہستہ آہستہ کم ہو رہا ہے جو ایک خوش ائندہ بات ہے۔
واضح رہے یہ ویکسین عالمی اتحاد برائے ویکسین (گاوی) کے تعاون سے بھارت میں تیار کی جا رہی ہے۔
فاروق عبداللہ نے خبررساں ادارے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 'بھارت، ویکسین کے ذریعے ہر ملک کی مدد کر رہا ہے۔ یہ ایک انسان دوست چیز ہے۔ دونوں ممالک (بھارت - پاک) قریب آرہے ہیں اور تناؤ کا احساس آہستہ آہستہ کم ہوتا جارہا ہے۔ دونوں ممالک کو یہ احساس ہوچکا ہے کہ اگر ہم دوست بن کر رہے گے تو ہم دونوں ترقی کریں گے اور یہی بات ہر بھارتی یا پاکستان بھی چاہتا ہے۔'
کشمیر میں عسکریت پسندی کے بارے میں پوچھے جانے پر عبد اللہ نے کہا کہ 'بیماری کا علاج اگر نہیں کیا جاتا تو وہ پھیل جاتی ہے۔'