گاندربل:مرکز کے زیر انتظام یوٹی جموں و کشمیر کے ضلع گاندربل میں نالہ سندھ میں غیرقانونی طریقے سےبلیچنگ پاوڈر کے اسعتمال کرنے کے سبب ٹراوٹ مچھلیوں کی مارے جانے کی اطلاع ہے۔اس واقعے کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔
تفصیلات کے مطابق چند روز قبل ضلع گاندربل کے علاقے سمبل بالا گنڈ میں نالہ سندھ میں کئی ٹراؤٹ مچھلیوں کو مردہ دیکھا گیا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ ٹراؤٹ مچھلیوں کی موت بلیچنگ پاؤڈر کے ممکنہ استعمال کی وجہ سے ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ نالہ سندھ میں مچھلیاں پکڑتے ہیں، انہوں نے بلیچنگ پاؤڈر کا استعمال کیا ہو گا جس کی وجہ سے ٹراؤٹ مچھلیاں ہلاک ہو گئی ہے۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز ڈپارٹمنٹ گاندربل سلمان روف نے مچھلیوں کے مارے جانے کی تصدیق کی۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اس دوران مقامی لوگوں نے اس واقع پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہےکہ اس واقعے میں ملوث افراد کے خلاف سخت سے سخت کاروائی عمل میں لا کر انہیں سخت سزا دی جائے، تاکہ دوبارہ ایسے واقعات پیش نہ آئے۔