ترال:مرکز کے زیر انتظام یوٹی جموں و کشمیر کے پلوامہ ضلع کے ترال میں واقع اخلاص ویلفیر سوسائٹی کی جانب سے مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں مقامی باشندوں نے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔ لوگوں کی طبی جانچ کے ساتھ ساتھ دوائیں بھی تقسیم کی گئیں۔ مقامی باشندوں نے تنظیم کی جانب سے مفت طبی کیمپ کے انعقاد کرنے پر خوشی کا اظہار کیا۔
اخلاص ویلفیر سوسائٹی ترال کی جانب سے دور افتادہ علاقوں میں مفت طبی کیمپوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے سنیچر کے روز گوجر بستی زاری ہاڑ میں ایک میگا مفت طبی کمیپ منعقد کیا ہے جس دوران یہاں علاج معالجے کے ساتھ ساتھ ہزاروں روپے مالیت کی ادیات بھی لوگوں میں تقسیم کی گئی۔کیمپ کی نگرانی معروف معالج و اخلاص ویلفئیر ٹرسٹ کے چیر مین ڈاکٹر نثار احمد بٹ ترال کر رہے تھے۔ اس کیمپ میں رضاکاروں کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ اس دور افتادہ علاقے میں مفت میڈیکل کیمپ منعقد کرنے سے غریب لوگوں کو بڑی حد تک راحت ملی اور ایسے کیمپ مستقبل میں بھی منعقد ہونے چاہئیں کیونکہ اس علاقے میں طبعی سہولیات کا فقدان ہے۔