سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کی صاحبزادی التجا مفتی نے نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی پی ایس اے کے تحت نظر بندی کے خاتمے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اپنی والدہ سمیت تمام دیگر سیاسی رہنماؤں اور نوجوانوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
بتادیں کہ جموں وکشمیر حکومت نے جمعہ کے روز نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی پی ایس اے کے تحت نظر بندی ختم کردی۔
التجا مفتی نے اپنی والدہ کے ٹویٹر ہینڈل پر موصوف رہنما کی نظر بندی کے خاتمے کے بارے میں حکومت کی طرف سے جاری کردہ حکمنامے کو پوسٹ کرتے ہوئے کہا: 'وقت آگیا ہے کہ تمام نظر بند رہنماؤں بشمول ہزاروں نوجوانوں جو جموں وکشمیر سے باہر کے جیلوں میں بند ہیں کو بھی رہا کیا جائے'۔
انہوں نے اپنے ایک اور ٹویٹ میں کہا: 'آج ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی توہین آمیز نظر بندی ختم ہوئی، اُمید ہے تمام نظر بند سیاسی رہنماؤں بشمول میری والدہ اور جموں و کشمیر کے باہر جیلوں میں مقید نوجوانوں کو بھی فوری طور پر رہا کیا جائے گا، ان کی نظر بندی ملک کے جمہوری اقدار پر ایک سیاہ داغ ہے'۔