نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں گزشتہ شام ایک ناکے پر سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں ایک شہری کی ہلاکت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہائی الرٹ کی صورتحال فائر کھولنے کا جواز نہیں بن سکتا ہے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز کے سینئر افسران کو صبر و تحمل کا مظاہرہ کر کے صورتحال کو بد سے بدتر نہیں ہونے دینا چاہئے۔ وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار جمعے کے روز اپنے ایک ٹویٹ میں کیا۔
عمر عبداللہ نے ٹویٹ میں کہا: ’’جنوبی کشمیر میں گزشتہ شام ایک ناکے پر سیکورٹی فورسز نے یاسر علی کو ہلاک کر دیا۔ ہائی الرٹ اس طرح فائر کھولنے کا جواز نہیں بن سکتا۔ سیکورٹی فورسز کے سینئر افسران کو چاہئے کہ وہ صبر و تحمل کے مظاہرے کو یقینی بنائیں تاکہ صورتحال بد سے بدتر نہ ہو سکے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا: ’’اس بہیمانہ قتل کی مذمت کرتے ہوئے میں پسماندگان کی خدمت میں تعزیت پیش کرتا ہوں، اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، آمین۔‘‘
مزید پڑھیں:عسکریت پسندوں نے رواں سال 28 عام شہریوں کو ہلاک کیا: آئی جی پی کشمیر