اننت ناگ:جموں و کشمیر کے محکمہ صحت اور طبی تعلیم نے اننت ناگ میں واقع رحمت عالم اسپتال کی نامکمل عمارت کی تعمیر اور زیرالتواء تعمیراتی کاموں کو مکمل کرنے کو منظوری دے دی گئی۔متعلقہ تعمیراتی ایجنسی کو ہسپتال کے باقی تعمیراتی کام کو نئے مقرہ ہدف کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن محکمہ سے ملی جانکاری کے مطابق رحمت عالم ہسپتال کے بلاکس کی تمام منزلوں کے زیرالتواء کاموں کی تخمینہ لاگت 1857.66 لاکھ جبکہ شیئر والز، جیکٹنگ، وی ایف ڈی کا تخمینہ 651.88 لاکھ ہے ۔
واضح رہے کہ فروری 2017 میں، اس وقت کی حکومت نے زیر تعمیر رحت عالم ہسپتال کو محکمہ صحت اور طبی تعلیم کی تحویل میں دے دیا تھا، اس وقت رحمت عالم ٹرسٹ کی جانب سے ہسپتال کے دو منزل تعیر کئے گئے تھے جبکہ یہ عمل 2015 میں شروع کیا گیا تھا۔ اگرچہ ٹرسٹ کی طرف سے ہسپتالوں کی دو منزلیں پہلے ہی تعمیر کی جا چکی تھیں، لیکن بعد میں حکومت نے عمارت کی تکمیل کا ٹھیکہ جموں کشمیر پبلک کنسٹرکشن کارپوریشن (جے کے پی سی سی) کو سونپ دیا گیا تھا جس میں پہلے سے تعمیر شدہ گراؤنڈ اور پہلی منزل کے بعد متعلقہ تعمیراتی ایجنسی کی جانب سے سیفٹی آڈٹ کے بغیر مزید دو منزل تعمیر کئے تھے۔
بعد میں جب، جے کے پی سی سی نے تعمیر کا بڑا حصہ مکمل کیا اور اس پر کروڑوں روپئے خرچ کیے، تو حکومت نے، انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی (آئی آئی ٹی) جموں کو عمارت کا سیفٹی آڈٹ کرنے کا کام سونپا۔ آڈٹ ایجنسی کو رپورٹ پیش کرنے میں ایک سال سے زائد وقت لگ گیا جس میں آڈٹ ایجنسی نے ہسپتال عمارت کی پہلی دو منزلوں کے بیموں اور ستونوں کی جیکٹنگ کا مشورہ دیا۔تاکہ اسے مزید مضبوط کیا جاسکے اور خطرات کو کم کیا جاسکے۔