سرینگر: جموں وکشمیر حج کمیٹی نے امسال حج کے لیے منتخب ہونے والے عازمین کو سعودی ریال فراہم کرنے کے عمل کو ختم کر دیا ہے۔ ایسے میں حج عازمین کو وہاں روزانہ کے خرچے کی خاطر استعمال ہونے والے مطلوبہ سعودی ریال کا بندوبست روانگی سے قبل از خود کرنا ہوگا۔ جموں وکشمیر حج کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ منتخب عازمین کو حج کمیٹی کی جانب سے روانہ ہونے سے قبل 2100 سعودی ریال خرچے کے لیے فراہم کئے جاتے تھے۔لیکن اب اس سال سے یہ سلسلہ ختم کر دیا گیا ہے۔
حج کمیٹی کے مطابق لیے گئے اس فیصلے کے پیش نظر حج 2023 کے تمام عازمین حج کو مطلع کیا جاتا ہے کہ وہ روانگی سے قبل ہی اپنے طور خرچے کی خاطر سعودی ریال کا انتظام کریں۔ حال ہی میں حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2023 کی پالیسی کا اعلان کیا ہے جس میں امسال حج بیت اللہ جانے کے لیے 25 ایمبینکمنٹ پوائنٹس رکھے گئے ہیں جبکہ
حج 2023 کی نئی پالیسی کے تحت اس مرتبہ حج سستا کیا گیا ہے۔ اور امید ہے کہ جموں وکشمیر سے تقریبا 10 ہزار عازمین سفر محمود پر جائیں گے وہیں اس بار عازمین حج کو حج ہاوس میں فارم جمع کرنے کے بجائے آن لائن کی فارم جمع کرنے ہوں گے۔ اب وہ حجاج کرام بھی دوبارہ حج کے لیے اہل ہوں گے جنہوں نے خود حج تو کیا ہوگا لیکن اہلیہ کے ساتھ پھر سے جانے کی خواہش رکھتے ہوں۔اس کے علاوہ اس مرتبہ بھی 70 برس سے زائد عمر کے افراد میں قرعہ اندازی نہیں ہوگی۔