رواں برس حج فارم پُر کرنے کے عمل میں مزید سہولیات فراہم کرنے کے لیے حکومت نے عازمین حج کو صرف آن لائن فارم بھرنے کی ہدایت دی تھی۔
کشمیر: حج کے لیے آف لائن فارم جمع کرانے کی سہولت کشمیر حج کمیٹی کے رکن محمد مقبول نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 'وادی میں انٹرنیٹ کی معطلی کے سبب آن لائن فارم جمع کرانا مناسب نہیں ہوگا۔ اس سلسلے میں ہم نے حج کمیٹی آف انڈیا سے وادی میں آف لائن فارم جمع کرانے کی سہولیات مہیا کرانے کی درخواست کی تھی، جس کی منظوری دی گئی ہے۔'
انہوں نے کہا کہ 'فارم تقسیم کرنے کا سلسلہ 14 اکتوبر سے شروع ہوگا اور عازمین اپنے اپنے اضلاع میں ہی فارم بھرسکتے ہیں۔'
انہوں نے مزید کہا کہ '70 برس سے زائد عمر کے عازمین کے لیے خصوصی ریزرویشن کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جن کو آن لائن فارم بھرنے کے بعد مطلوبہ دستاویزات حج کمیٹی کے دفتر میں جمع کرانے ہوں گے۔'
واضح رہے کہ 5 اگست سے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کیے جانے کے بعد وادی بھر میں مواصلاتی نظام مکمل طور پر ٹھپ پڑا ہے جس کے چلتے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔