منڈی:مرکز کے زیر انتظام یوٹی جموں و کشمیر کے پونچھ کی تحصیل منڈی کے دوردراز علاقہ چھیلہ کے پدر میں واقع گورنمنٹ مڈل اسکول کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا جس میں اسکولی بچے محکمہ تعلیم کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔ مقامی باشندوں کے مطابق پدر میں واقع گورنمنٹ مڈل اسکول میں 28 تاریخ کو جب طلبہ پہنچے تو اسکول بند پایا۔ طلبہ کو اس پر تشویش ہوئی۔ انہوں نے اپنے اپنے سرپرستوں کو اس کی اطلاع دی۔ مقامی باشندوں نے طلبا و طالبات کو ساتھ لے کر محکمہ تعلیم کے خلاف احتجاج شروع کردیا۔
اس حوالے سے مقامی باشندوں نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس ترقی یافتہ دور میں جہاں بائیو میٹرک کے ذریعہ اساتذہ کی حاضری ہوتی ہے۔ لیکن باوجود اس کے گورنمنٹ مڈل اسکول پدر 28 تاریخ کو بند رہا۔ اس سے طلبہ کی تعلیم متاثر ہوئی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بغیر چھٹی کے اسکول بند رکھنے کا کیا مطلب ہے۔ سرکاری خزانہ سے تنخواہیں حاصل کرنے والے اساتذہ کا حق بنتا ہے وہ اس دوردراز علاقہ کے غریب لوگوں کے بچوں کو بہتر اور معیاری تعلیم دیں۔