انتظامیہ نے منگل کی صبح اترپردیش کی مختلف جیلوں میں بند 41 افراد پر عائد پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) کو منسوخ کردیا ہے۔
غور طلب ہے کہ گزشہ برس پانچ اگست کو جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کے خاتمے سے ہی سینکڑوں افراد پر پبلک سیفٹی ایکٹ کا اطلاق کرکے انہیں دیگر ریاستوں کے جیلوں میں قید کیا گیا تھا۔ انتظامیہ کے مطابق 5000 افراد کو حراست میں لیا گیا تھا جن میں متعدد افراد پر پبلک سیفٹی ایکٹ عائد کیا گیا تھا۔
تاہم کووڈ 19 کے پھیلاؤ کے بعد عدالت عظمی نے قیدیوں کو رہا کرنے کے احاکامات صادر کرتے ہوئے کہا تھا کہ جیلوں میں قیدیوں کی تعداد کو کم کرکے کووڈ 19 کو پھیلاؤ پر قابو پایا جائے۔
ان احکامات کے بعد جموں و کشمیر انتظامیہ نے گزشتہ ہفتوں سے پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت قید کئے گئے کئی افراد کو رہا کر دیا ہے تاکہ جیلوں میں سماجی دوری کا احتیاط برتا جائے۔
اطلاعات کے مطابق گزشتہ ایک ماہ سے تقریبا 140 افراد پر عائد پبلک سیفٹی ایکٹ کو ختم کرکے انہیں رہا کیا گیا ہے۔