اننت ناگ: مرکز کے زیر انتطام یوٹی جموں و کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے کوکرناگ اور ڈورو شاہ آباد کے ویری ناگ کے درمیان مسافت کو کم کرنے کی غرض سے حکومت کی جانب سے 2017 میں ایک منصوبہ بنایا تھا۔ اس کے بعد اُسی سال متعلقہ محکمہ نے دونوں علاقوں کو ملانے والی رابطہ سڑک پر تعمیراتی کام شروع کرنے کا فیصلہ بھی لیا، تاہم محکمہ تعمیرات عامہ کو محکمہ جنگلات کی جانب سے فارسٹ کلئیرنس نہیں ملی ۔اس کے لئے محکمہ کو گزشتہ چھے برسوں سے انتظار کرنا پڑا۔
بلآخر 6 سال کا طویل عرصہ گزر جانے کے بعد محکمہ تعمیرات عامہ کو محکمہ جنگلات کی جانب سے ہری جھنڈی ملی اور رواں ماہ کے پہلے ہفتے سے ہی مذکورہ سرخ پر تعمیراتی کام پھر سے شروع کیا گیا۔اس کے بعد مقامی باشندوں نے خوشی کا اظہار کیا۔ گیارہ کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی رابطہ سڑک بندو درم دلو علاقے سے ہوتے ہوئے تانترے پورہ ذملگام ویر یناگ کے مقام تک پہنچے گی، جس کی لمبائی قریب دس کلومیٹر تک ہے۔