جموں کشمیر کے ضلع شوپیان میں زمیندار ایسوسی ایشن، سیول سوسائٹی اور فروٹ گرورس نے مِنی سکریٹریٹ آرہامہ میں ڈپٹی کمشنر شوپیان چودھری محمد یاسین کو ایک میمورنڈم پیش کیا جس میں بتایا گیا کہ حالیہ تباہ کن برفباری سے میوہ باغات کو ہوئے نقصانات کو پُر کرنے کے لیے انتظامیہ ایک ٹیم تشکیل دے کر میوہ باغات کا دورہ کرکے صاف و شفاف طریقے سے نقصانات کا تخمینہ لگا کر معاوضہ فراہم کریں۔
انہوں نے حالیہ ہارٹیکلچر ڈائریکٹر اعجاز احمد بٹ کے دئے گئے ایک بیان کی مذمت کی جس میں ڈائریکٹر موصوف نے دعویٰ کیا تھا کہ برفباری سے کشمیر میں 20 سے 30 فیصد باغات کو نقصان پہنچا ہے۔ زمیندار ایسوسی ایشن کا دعویٰ ہے کہ برف باری کی وجہ سے 40 سے 90 فیصد تک میوہ باغات کو نقصان پہنچا ہے۔