مرکز کے زیرانتظام علاقہ جموں و کشمیر کے گرمائی دارالحکومت سرینگر میں ایڈیٹرس گلڈ آف انڈیا اور پریس کلب آف انڈیا نے جموں کشمیر کے روزنامہ کشمیر ٹائمز کے دفتر کو اچانک بند کیے جانے کی سخت مذمت کی ہے اور اسے آزاد صحافت پر شدید حملہ قرار دیا ہے۔
ایڈیٹرس کی جانب سے جاری ایک بیان میں اس اقدام پر سخت تنقید کی گئی ہے اور اسے صحافتی آزادی پر حملے سے تعبیر کیا گیا ہے۔
ایڈیٹرس گلڈ نے جموں و کشمیر حکومت سے اخبار کو پھر سے کھولے جانے کی مانگ کی ہے۔
ایڈیٹرس گلڈ آف انڈیا کی چیئرمین سیما مصطفےٰ اور جنرل سیکرٹری نے ایک جاری بیان میں کہا کہ جموں و کشمیر میں پہلے بھی اخبارات اور میگزینوں کے ایڈیٹرز کو جدوجہد اور پر خطر صورت حال میں کام کرنا پڑا اور اس مرحلے کے دوران انہیں اشتہارات بھی ملنے بند ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ اس کے بعد جموں کشمیر میں مواصلاتی نظام کو بھی بند کیا گیا اور اب کوروناوائرس کہ وجہ سے بھی اخبارات کو کافی نقصان سے دوچار ہونا پڑا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کی معاشی حالت بے حد خراب چل رہی ہے جس کے پیش نظر 55 برس پرانے اخبار کشمیر ٹائمز کو مارچ میں اپنا سرینگر ایڈیشن بند کرنا پڑا۔