ضلع ہسپتال اننت ناگ کو میڈیکل کالج کا درجہ بھی فراہم کیا گیا، تاہم ہسپتال کے احاطے کو کوڑے دان میں تبدیل کر دیا گیا ہے، اگرچہ میڈیکل کالج کا درجہ دینے کے بعد ہسپتال میں جدید سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنایا گیا، تاہم ہسپتال کے احاطے میں برسوں سے موجود ڈمپنگ سائٹ کو ہٹانے پر کوئی دھیان نہیں دیا گیا۔
وہیں ڈمپنگ سائٹ سے پیدا شدہ بدبو کی وجہ سے اسپتال کے ماحول پر برے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ جس سے نہ صرف بیماروں کو دقت ہو رہی ہے بلکہ تیمار داروں کے بھی بیمار ہونے کا خدشہ رہتا ہے۔
ادھر عام لوگ اسپتال کے احاطے میں موجود اس ڈمپنگ سائٹ پر افسوس کا اظہار کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ڈمپنگ سائٹ میڈیکل کالج کے لیے ایک بدنما داغ ہے۔ انہوں نے انتظامیہ سے ڈمپنگ سائٹ کو فوری طور ہٹانے کا مطالبہ کیا۔