مہلک کورونا وائرس کے باعث اپریل میں متوقع پنچایتی اور ضلعی پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ بورڈز کے انتخابات کو مزید مؤخر کیا گیا ہے۔
جموں و کشمیر میں سنہ 2018 کے نومبر میں پنچایتی انتخابات منعقد کئے گئے تھے لیکن کشمیر میں ناسازگار حالات ہونے کے باعث 12565 پنچایتی حلقوں میں یہ انتخابات منعقد نہیں ہو پائے۔
یہ حلقے خالی رہ گئے تھے اور حکام نے کہا تھا کہ ان خالی نشستوں پر دوبارہ انتخابات منعقد کرائے جائیں گے۔ جموں و کشمیر کے چیف الیکٹورل آفیسر نے ان انتجابات کو رواں برس کے مارچ میں منعقد کرنے کے لیے نوٹیفیکیشن جاری کیے تھے۔
اگرچہ سیکورٹی کے خدشات ہونے کے پیش نظر الیکٹورل آفیسر نے ان کو مؤخر کیا تھا تاہم ذرائع کا کہنا تھا کہ فروری میں علیحدگی پسند رہنما سید علی گیلانی کے صحت کے متعلق اطلاعات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے یہ فیصلہ لیا تھا۔