ڈوڈہ:جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ کے بھدرواہ میں سی ایس آئی آر-آئی آئی آئی ایم فیلڈ اسٹیشن نے محکمہ زراعت اور فلوریکلچر ڈوڈہ کے اشتراک سے سی ایس آئی آر فلوریکلچر مشن کے تحت بیداری اور شجرکاری سے متعلق ضروری اشیا کی تقسیم کے لئے پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔اس تقریب میں کسانوں، تاجروں، پھولوں کے کاشتکاروں نے شرکت کی۔ ڈوڈہ ضلع کے مختلف علاقوں کے کسان اس پروگرام میں حصہ لینے کے لئے اکٹھے ہوئے جس میں انہیں مشن کے مختلف پہلوؤں،فارم کے منافع اور کسانوں کی آمدنی میں اضافہ، منافع بخش روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور کاروباری ترقی کی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ کے ڈپٹی کمشنر ویشیش مہاجن نے بیداری مہم اور شجرکاری میں استعمال ہونے والی اشیا کی تقسیم سے متعلق پروگرام کا افتتاح کیا۔اس موقع پر سی اے او ڈوڈا انیل گپتا، اے ڈی فلوریکلچر ڈوڈا پون کمار، نوڈل سائنٹسٹ سی ایس آئی آر آئی آئی آئی ایم شاہد رسول اور کسان ایڈوائزری بورڈ کے ممبران تیجندر سنگھ اور ہند بھوشن کی موجودگی میں کیا۔ اس موقع پر 56 کسانوں کو کمیونٹی ہال ڈوڈہ میں الیئم اور گلیڈیولس کی مختلف اقسام کے پودے لگانے کا معیاری مواد فراہم کیا گیا۔کمیونٹی ہال بھدرواہ میں 150 سے زائد کسانوں اور پھول فروشوں کو میری گولڈ پودے لگانے کے لئے ضروری سامان فراہم کیا گیا۔ تقریب میں موجود کسانوں اور پھول فروشوں نے جموں و کشمیر میں انتہائی منافع بخش فلوریکلچر سیکٹر کی ترقی کے لئے CSIR فلوریکلچر مشن کے تحت پہل اور رسائی کا شکریہ ادا کیا۔