غیر ملکی سفارتکاروں کا ضلع بڈگام میں کشمیری روایت کے مطابق استقبال کیا گیا۔ اس وفد نے ضلع بڈگام کے ماگام بلاک کا دورہ کیا جہاں ضلعی ترقیاتی کونسل (ڈی ڈی سی) کے چیئرمین نذیر احمد خان اور دیگر پنچایت نمائندوں نے ان کا استقبال کیا۔ اس کے بعد نذیر خان نے بھی سفیروں سے خطاب کیا۔
غیر ملکی سفارتکاروں کو پنچایتی راج اور بیک ٹو ویلیج اور بلاک کے ذریعے شکایات کے ازالے کے بارے میں بتایا گیا۔ اس دوران یہ وضاحت کی گئی کہ کس طرح انتظامیہ لوگوں کے دہلیز تک پہنچنے کی کوشش کر رہی ہے۔
بھارت میں مقیم بیرونی ممالک کے سفارتکار آج سے جموں و کشمیر کے دو روزہ دورے پر ہیں۔ آج یعنی 17 فروری کو یہ وفد سرینگر پہنچ چکا ہے۔ یہ سفارتکار جموں و کشمیر کا دورہ اس وقت کر رہے ہیں جب گزشتہ برس انتظامیہ نے یہاں پہلی مرتبہ ضلع ترقیاتی انتخابات منعقد کروائے اور یہاں مین اسٹریم سیاسی جماعتوں کی سرگرمیاں بھی شروع ہوچکی ہیں۔ اس کے علاوہ مرکزی حکومت نے ڈیڑھ برس کی طویل پابندی کے بعد تیز رفتار انٹرنیٹ بھی حالیہ دنوں میں بحال کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق 25 اراکین پر مشتمل یہ وفد 17 فروری کو سرینگر پہنچا ہے۔ دورے کے دوران یہ وفد عوامی، سیاسی و سماجی وفود سے ملاقات کرے گا۔