وزیر دفاع کے ہمراہ وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ، فوجی سربراہ بپن راوت اور شمالی کمانڈ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل رنبیر سنگھ تھے۔
راجناتھ سنگھ نے کرگل جنگ میموریل پر شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا اس موقع پر وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کرگل جنگ میموریل پر آپریشن وجے کے شہیدوں کی یاد میں پھول مالا چڑھا کر خراج پیش کیا اور بعد ازاں ان کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔
وزیر دفاع نے دورے کے دوران اس سیکٹر میں تعینات فوجی افسروں اور اہلکاروں کے ساتھ چائے پر گفتگو بھی کی۔
انہوں نے مشکل حالات میں ملک کے سرحدوں کی حفاظت کرنے والے فوجی اہلکاروں کے رول کی ستائش کی۔
وزیر دفاع نے اپنے ایک ٹویٹ میں دورہ کرگل جنگ میموریل کے حوالے سے کہا: 'دراس میں آج ہفتہ کے روز کرگل جنگ میموریل پر شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا، کرگل وجے کی 20 ویں برسی پر ملک ان جانباز فوجیوں کے حوصلے اور بہادری کو یاد کرتا ہے ہم ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کریں گے'۔
قابل ذکر ہے کہ مرکزی وزیر دفاع کا قلمدان سنبھالنے کے بعد یہ راجناتھ سنگھ کا دوسرا دورہ جموں کشمیر ہے۔