بڈگام: جموں و کشمیر کے ضلع بڈگام کے ڈی سی ایس ایف حامد نے گردوارہ صاحب گرو نانک چرن استھان بیروہ کا دورہ کیا۔ سکھ کمیونٹی کے اراکین کے ساتھ بات چیت کی، بیساکھی کے تہوار کے موقع پر کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ڈی سی بڈگام نے بیرم غار کے مقام پر جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا۔دورے کے دوران ڈی سی ایس ایف حامد نے سکھ برادری کو بیساکھی کی مبارکباد دی اور بیساکھی تہوار کے حوالے سے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔انہوں نے انتظامات کو لے کر مقامی باشندوں سے بھی بات چیت کی۔
بڈگام میں واقع ضلع گردوارہ پربندھک کمیٹی نے ضلع میں سکھ برادری کے علاقوں میں بنیادی سہولیات کے مناسب انتظامات کرنے پر ضلع انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہاکہ وہ ترقیاتی کاموں سے خوش ہیں اور بنیادی سہولیات سے مطمین ہیں۔ ضلع گردوارہ پربندھک کمیٹی بڈگام کے نمائندوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ بڈگام کی طرف سے بیساکھی کے موقع پر تمام گردواروں اور سکھ برادری کے علاقوں میں بلاتعطل پانی اور بجلی کی فراہمی سمیت پریشانی سے پاک انتظامات قابل تعریف ہیں۔بات چیت کے دوران اراکین نے ڈی سی کے ساتھ مختلف مطالبات بھی اٹھائے۔ ڈی سی بڈگام نے مسائل کو سنے۔انہوں نے تمام مسائل کو جلد سے جلد حل کی یقین دہانی کرائی۔