ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے ریڈی میڈ گارمنٹس کے دکانداروں نے کہا کہ گزشتہ برس پانچ اگست کو دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد پیدا شدہ صورتحال کے دوران انہیں کافی نقصانات سے دوچار ہونا پڑا تھا۔
دکانداروں نے کہا کہ ' اُن دنوں عید الاضحٰی قریب ہونے کے سبب دکانداروں نے کافی مال خرید لیا تھا تاکہ خریداروں کی بڑھتی مانگ کے پیش نظر زیادہ سے زیادہ مال سیل(فروخت) کیا جائے۔ تاہم مسلسل کرفیو اور بندشوں کی وجہ سے ان کا سارا مال دکانوں کے اندر ہی پڑا رہا ہے۔ حالات آہستہ آہستہ پٹری پر لوٹنے کے ساتھ ساتھ دکانداروں میں یہ امید جاگ گئی کہ وہ آنے والے نئے سیزن میں موجودہ مال فروخت کریں گے۔'
تاہم انہیں اس وقت پھر ایک بار مایوسی کا سامنا کرنا پڑا جب کورونا وائرس کی دستک کے بعد کئے گئے لاک ڈاون کی وجہ سے ان کی دکانوں پر دوبارہ تالا چڑھ گیا۔