حکومت نے صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد 20 اپریل کے بعد جُزوی راحت دینے کا فیصلہ لیا ہے۔ اِس بات کا اِظہار کابینہ سکریٹری راجیو گابا نے آج تمام ریاستوں اور یوٹیز کے چیف سیکریٹریز اور پولیس سربراہوں کے ساتھ ایک ویڈیو کانفرنسنگ کے دوران کیا۔
میٹنگ میں وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر پی کے مشرا، سکریٹری صحت پریتی سودن ، سکریٹری داخلہ اجے کمار بھلہ اور متعلقہ وزارتوں کے سیکریٹریز نے شرکت کی۔
جموں وکشمیر کے چیف سکریٹری بی وی آر سبھرامنیم، پولیس سربراہ دِلباغ سنگھ، فائنانشل کمشنر صحت اَتل ڈولو ، پرنسپل سیکرٹری داخلہ شالین کابرا، پرنسپل سکریٹری مکانات و شہری ترقی دھیرج گپتا، پرنسپل سیکریٹری منصوبہ بندی روہت کنسل، کمشنر سیکرٹری صنعت و حرفت منوج دِویدی اور سکریٹری خوراک و امور صارفین نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔
اَفسران کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے کابینہ سکریٹری نے کہا کہ' ملک گیر لاک ڈاون کی موثر عمل آوری میں ہم سب کو اپنا رول ادا کرنا ہوگا۔'
اُنہوں نے چیف سکریٹریز کو ہدایت دی کہ وہ صورتحال پر کڑی نگاہ رکھیں۔ کابینہ سیکرٹری نے ریاستوں اور یوٹیز کو ہدایت دی کہ وہ ریڈ زُونز میں وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کے لئے مناسب لائحہ عمل اپنائیں۔