جموں:جموں و کشمیر پولیس کے سابق ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل مسعود چوھدری کی پہلی برسی پر گوجر چیرٹیبل ٹرسٹ میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں جموں کشمیر کی کئی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے شمولیت اختیار کی جن میں سابقہ وزیر اعلی محبوبہ مفتی، سابق وزیر ذولفقار علی چوھدری، سابق رکن اسمبلی جاوید چوھدری اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیتیں قابل ذکر ہیں۔ تقریب میں مقررین نے مسعود چوھدری کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ان کی خدمات پر بھی روشنی ڈالی۔ مسعود چوھدری کی وفات 16 دسمبر 2022 کو جموں میں ہوئی تھی۔
جموں و کشمیر پولیس کے سابق ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ممتاز سماجی مصلح، ماہر تعلیم اور راجوری کی بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی کے بانی وائس چانسلر ڈاکٹر مسعود احمد چودھری کا جمعہ کی صبح گاندھی نگر میں ان کی رہائش گاہ پر انتقال ہو گیا۔ان کی عمر 78 سال تھی۔ ڈاکٹر چودھری طویل عرصے سے بیمار تھے۔
بعد ازاں گجر دیش چیریٹیبل ٹرسٹ کے متصل گجر کالونی کے قبرستان میں انہیں پر نم آنکھوں کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔انہوں نے درج فہرست قبائل اور سماج کے پسماندہ طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے کام کیا اور ان میں تعلیم کو فروغ دیاجس کیلئے اُنہیں گوجر قبیلہ کا سرسید بھی کہا جاتا تھا۔قانون کی تعلیم سے فارغ التحصیل مسعود چودھری نے 1967 میں ڈی وائی ایس پی کے طور پر جموں و کشمیر پولیس میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا جسے بعد میں آئی پی ایس کیڈر میں شامل کیا گیا۔