تجربہ کار صحافی اور کمیونسٹ رہنما کرشن دیو سیٹھی کا جموں میں اپنی رہائش گاہ پر انتقال ہوگیا۔
وہ نہ صرف جموں کے مشہور دانشوروں اور رہنماؤں میں شمار ہوتے تھے بلکہ وہ پاکستان کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھی عزت کی نگاؤں سے دیکھے جاتے تھے۔ وہ بہترین مقرر اور ادیب تھے۔ انکا ہفتہ وار کالم پر مغز ہوتا تھا جسے انہوں نے اپنے زندگی کے آخری پڑاؤ تک لکھا۔ وہ جموں و کشمیر میں اردو زبان کے دیرینہ محبوں اور بہی خواہوں میں شمار ہوتے تھے جنہوں نے آخری سانس تک اس زبان کی خدمت کی اور اسکی شمع کو فروزان رکھنے کی جدوجہد کی۔ انکے لواحقین کے مطابق انہوں نے جموں میں واقع اپنی رہائش گاہ محلہ دلپتیاں میں صبح چار بجے آخری سانس لی۔
کرشن دیو سیٹھی سابق ریاست جموں و کشمیر کی آئین ساز اسمبلی کے واحد رکن تھے جو بقید حیات تھے اور انکی نگاہوں کے سامنے ریاست کا آئین منسوخ کیا گیا اور ریاستی درجے کو ختم کرکے مرکز کے دو زیر انتظام علاقوں میں تقسیم کیا گیا۔ قابل ذکر یہ ہے کہ آئینی تبدیلی کیلئے انکے فرزند انشل سیٹھی نے اہم کردار ادا کیا جو اسوقت بھی مرکزی علاقے کے محکمہ قانون کے سیکرٹری ہیں۔
1925میں میر پور میں پیدا ہوئے کرشن دیو سیٹھی تقسیم بر صغیر سے لے کر جموں کشمیر میں مسلح جد و جہد کے آغاز تک تمام اتار چڑھاؤ دیکھ چکے ہیں۔